عبدالحمید اخگر
عبدالحمید
اخگر خلف حافظ عبدالعزیز صاحب 1877ء میں جے پور میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کے بارے میں
مولانا احتشام الدین شاغل مرحوم نے تذکرہ شعرائے جے پور میں لکھا ہے کہ :- اخگر
تخلص (منشی) محمد عبدالحمید نام، حافظ عبدالعزیز صاحب کے فرزند ہیں۔ اصل وطن فرخ
آباد تھا۔ آپ کے والد ماجد اورینٹل کالج جے پور میں پروفیسر تھے۔ آپ کی ولادت
1877ء میں یہیں ہوئی۔ سن شعور سے شعرو سخن کا شوق تھا۔ منشی فاضل پاس تھے اور چند
غزلیں مولوی اشتیاق حسین صاحب ناطق مرحوم کو دکھائیں، ان کے انتقال کے بعد حضرت
آگاہ سے تلمذ اختیار کیا۔ اپنے خواجہ تاشوں میں بوجہ طباعی مشاقی امتیاز رکھتے تھے
بلکہ حضرت آگاہ کے خلیفہ تھے۔ طبیعت میں بلا کی شوخی و آمد تھی۔ جناب رسوا کے جلیس
و ہم مشرب تھے اور یار بے تکلف۔۔۔۔ آپ محکمہ سائرات جے پور میں ملازم تھے۔ اساتذہ
کی غزلوں پر غزل کہنے کا خاص شوق تھا۔ 1908ء میں یہیں انتقال ہوا۔ مکمل دیوان
چھوڑا جس میں آکری زمانہ کے کلام کے کل اشعار صاف کردہ فدا و کوکب موجود ہیں۔ ۔۔۔
خمخانہ جاوید کے لئے خود حضرت آگاہ نے ان کا کلام منتخب کر کے بھیجا تھا۔ استاد کی
حیات ہی میں ان کا انتقال ہو گیا"۔ عبدالحمید اخگر خوبصورت، خوب سیرت، خوش
اخلاق، صاف گو اور خوش پوش انسان تھے۔ شعر گوئی کی غضب کی خداداد صلاحیت تھی۔ سید
اولاد حسین رسوا بریلوی، معشر الشعراء فدا حسین فدا جے پوری اور نجم الشعراء محمد
عبد الرحمان کوکب کے علاوہ حکیم واحد علی صاحب مسیح سے خاص دوستی تھی۔ ان ہی کے
ساتھ مل کر 1906ء میں جے پور سے ایک ماہنامہ الکمال جاری کیا۔ اخگر کی شادی حافظ
عبد العزیز کے بھائی عبد الکریم کی صاحبزادی رقیہ بیگم سے ہوئی تھی مگر وہ اولاد
سے محروم رہے۔ اور صرف 31 سال کی عمر مٰن اس دار فانی سے کوچ کیا۔ اولاد نہ ہونے
کا احساس ہمیشہ دامن گیر رہا۔ جس کا اظہار انہوں نے اپنے اشعار میں بھی کیا۔
Post a Comment
0 Comments